ایک بادشاہ اور ایک لونڈی

Rate this post

شیخ سعدی علیہ الرحمہ ایک عظیم صوفی اور دانا حکیم گزرے ہیں۔ مولائے روم کی طرح آپ جب کوئی واعظانہ نکتہ سمجھاتے ہیں تو حکایات اور تمثیلات کو بروئے کار لاتے ہیں۔ ایک حکایت لکھتے ہیں:

   مامون الرشید نے ایک لونڈی خریدی جو انتہائی خوبصورت اور نیک سیرت تھی۔ مامون الرشید اس لونڈی کو خرید کر بے حد مطمئن تھا لیکن جب مامون الرشید اس لونڈی کے پاس گیا اور گفتگو شروع کی تو اس لونڈی نے انتہائی غرور اور نفرت سے منہ دوسری طرف پھیر لیا۔ بھلا بادشاہ کے مزاج پر یہ بات کیسے گراں نہ گزرتی، آخر اس لونڈی کی حیثیت بادشاہ کے سامنے چیونٹی سے بڑھ کر کیا تھی۔ وہ غصے میں آپے سے باہر ہو گیا۔ لیکن پھر اس کا تدبر اس کے غصے کے آڑے آگیا۔ اس نے نہایت قہر آلود نظروں دیکھتے ہوئے لونڈی سے اس کے اس طرح برتاؤ کا سبب پوچھا۔ لونڈی نے نہایت صاف جواب دیتے ہوئے کہا:

    “اے امیر المومنین! آپ بلا شبہ قتل کر ڈالیں لیکن مجھے آپ کی قربت بالکل پسند نہیں۔”

   اب تو مامون الرشید کا غصہ آسمان سے باتیں کرنے لگا۔ لیکن وہ ایک بار پھر اپنے آپ پر قابو پاتے ہوئے بولا:

     “اس گستاخی کی وجہ کیا ہے؟”

لونڈی نے صاف لہجے میں کہا

    “آپ کے منہ سے ناقابل برداشت بو آتی ہے جو مجھ سے ضبط نہیں ہوتی”

    مامون کو اس سے پہلے کسی نے اس کی بیماری جے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا بھلا کس میں یہ تاب تھی کہ بادشاہ وقت کو اس کمزوری سے خبردار کرتا۔ اگرچہ مامون کو اس وقت لونڈی کی اس جرات پر پہلے سے بھی زیادہ غصہ آیا لیکن وہ خاموش ہوگیا اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ شاہی طبیب سے اس نے باقاعدہ علاج کروایا اور چند روز کے علاج کے بعد وہ بالکل صحت یاب ہوگیا اور اس صاف بیان لونڈی کو اس نے بہت عزت بخشی۔

    شیخ سعدی علیہ الرحمہ اس حکایت سے یہ سمجھانا چاہتے ہیں کہ دوست صرف وہی نہیں جو آپ کی تعریف کرتا رہے بلکہ زیادہ قابل اعتماد دوست وہ ہوتا ہے جو آپ کو آپ کی برائیوں سے آگاہ کرنے کی ہمت رکھتا ہو اور آپ میں یہ حوصلہ ہو کہ اس کی تنقید پر برا ماننے کی بجائے اپنے اندر خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں اور تحمل مزاجی سے پیش آئیں۔ اگر اس کے برعکس آپ کو غصہ آجائے تو آپ ایک احمق اور جاہل انسان ہیں۔

                                   بوستان

I am Muhammad Adnan Khan Chunda. I am student(Talib e Ilm) Of Jamia Muhammadiya Hanfiya Sulamani Near Jatta Adda Naivela. I love To Teach You Islamic Information like Masail,Hadees and Quotes of Bazurgane din.

Leave a comment